جام کمال سے رونڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

Published On 05 December,2024 03:45 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے روانڈا کی ہائی کمشنر نے ملاقات کی، ملاقات میں نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان کو چائے برآمد کر سکتا ہے جبکہ پاکستان روانڈا کو چاول فراہم کر سکتا ہے ۔

انہوں نے پاکستان کی ’’لک افریقہ پالیسی‘‘ کے تحت اہم کاروباری شعبوں کی نشاندہی کرنے اور سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کی تجویز پیش کی، وزیر تجارت نے بجلی، زرعی مشینری، خوراک اور دواسازی جیسے شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کاروباری برادریوں کے درمیان میچ میکنگ کو آسان بنانے کے لئے روانڈا اور پاکستان کے چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔

روانڈا کی ہائی کمشنر نے پاکستان کی الیکٹرک بائیک اور آٹوموبائل سیکٹر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔