کراچی: (دنیا نیوز) سال کے آخری روز ملک میں سونے کی قیمتیں برقرار رہیں تاہم سال 2024 میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 52 ہزار 600 روپے اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2614 ڈالر فی اونس مستحکم رہی جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمتیں بغیر کسی ردوبدل کے برقرار رہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سال 2024 میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 23 اعشاریہ 9 فیصد ( 52 ہزار 600 روپے) اضافہ ہوا، سونےکا فی تولہ بھاؤ سال 2024 میں 77100 روپے کے بینڈ میں رہا۔
سال 2024 میں سونے کی فی تولہ بلند ترین قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے رہی جبکہ سال 2024 میں سونے کی فی تولہ کم ترین قیمت 2 لاکھ 10 ہزار 800 روپے رہی۔
سونے کی عالمی قیمت سال 2024 میں 552 ڈالر بڑھ کر 2614 ڈالر رہی، سونے کی عالمی قیمت سال 2024 میں 26.7 فیصد بڑھی ہے۔
سال 2024 میں سونے کی فی اونس عالمی قیمت 774 ڈالر کے بینڈ میں رہی، سونے کی بلند ترین قیمت 2784 ڈالر فی اونس رہی جب کہ سونےکی کم ترین قیمت 2010 ڈالر فی اونس رہی۔