4 پاکستانی بینک 2024 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بینکوں میں شامل

Published On 09 January,2025 02:01 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) غیر ملکی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس نے علاقائی بینکوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 4 پاکستانی بینک خطے کے بہترین کارکردگی دکھانے والے 10 سرفہرست بینکوں میں شامل ہیں جنہوں نے اے پی اے سی میں سب سے زیادہ سٹاک گروتھ دکھائی جبکہ پاکستان نے ٹاپ 15 میں سے 6 پوزیشنز حاصل کیں۔

جاری رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)، جس کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1.68 ارب ڈالر ہے، اس نے مجموعی طور پر 159.7 فیصد حصص کا منافع ریکارڈ کیا اور خطے کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینک سٹاکس کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر رہا۔

یو بی ایل کے علاوہ ٹاپ ٹین میں شامل تین دیگر پاکستانی بینک نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے 108.4 فیصد، بینک الفلاح لمیٹڈ (107.1 فیصد) اور بینک آف پنجاب نے (98.4 فیصد) کا ریٹرن پیش کیا۔

دریں اثنا الائیڈ بینک لمیٹڈ اور حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ بالترتیب 94.5 فیصد اور 93.2 فیصد ریٹرنز کے ساتھ 14 ویں اور 15 ویں نمبر پر رہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کے مطابق اس درجہ بندی میں ایشیا پیسیفک کے ان بینکوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 31 دسمبر 2024 تک 100 ملین ڈالر سے زیادہ تھی۔