خشک سردی پڑنے سے مریضوں میں غیر معمولی اضافہ

Published On 08 January,2025 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پمز میں خشک سردی پڑنے سے مریضوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، نمونیا بخار، سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں کی بیماریوں، کھانسی، نزلہ زکام کے مریض زیادہ تعداد میں ہسپتال داخل ہوئے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر شرجیل کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان ای ڈی پمز ہسپتال ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا نے کہا کہ نمونیا بخار، سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں کی بیماریوں، کھانسی، نزلہ زکام وغیرہ کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر 50 سے زائد متعلقہ مریضوں کو ایمرجنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی عمر کے 20 سے 25 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا جا رہا ہے، روزانہ 150 سے زائد مریضوں کو ہسپتال کی او پی ڈی میں چیک کیا جا رہا ہے، ای ڈی پمز نے پلمنالوجی وارڈز کے ڈاکٹروں سے بھی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈاکٹرعمران سکندر نے کہا ہے کہ خشک سردی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گھر سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال کریں جبکہ پینے کیلئے نیم گرم پانی کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ خشک سردی سے بڑے عمر کے لوگ خصوصی طور پر احتیاط کریں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے، تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔