اسلام آباد: (دنیا نیوز) سال 2024 گزر گیا لیکن پولیو وائرس سے تاحال پیچھا نہ چھوٹ سکا، 2024 کا ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا۔
کراچی ایسٹ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر نکلا، بچے کے نمونے 21 دسمبر 2024 کو پولیو کی لیبارٹری بھجوائے گئے تھے، قومی ادارہ صحت کی پولیو لیبارٹری نے بھی نئے کیس کی تصدیق کر دی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 70 تک پہنچ گئی ہے، 2024 کے دوران کراچی ایسٹ میں پولیو کے 2 کیسز رپورٹ چکے ہیں۔
گزشتہ سال بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 27 ، خیبرپختونخوا میں 21 اور سندھ میں 20 رہی، سال بھر پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک پولیو کیس سامنے آیا۔
حکومت نے نئے سال کی پہلی انسداد پولیو مہم 3 فروری سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک گیر انسداد پولیو مہم 9 فروری تک جاری رہے گی، والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگوائیں۔