نیو یارک: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب کی نیویارک کے میئر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں بلال بن ثاقب نے پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے بریفنگ دی، پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے جدید ریگولیٹری فریم ورک سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی، عالمی سطح پر کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے بڑھتے رجحانات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
میئر نیویارک ایرک ایڈمن نے کہا کہ نیویارک کو لاہور کی طرح سمجھتا ہوں، نیویارک میں 8 لاکھ مسلمان بستے ہیں، نیویارک سمیت مسلم امہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ایرک ایڈمن نے کہا کہ نیویارک امریکہ میں مسلمانوں کا سب سے بڑا رہائشی علاقہ ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ ثقافتی تعاون کے ساتھ اب ڈیجیٹل مستقبل میں بھی تعاون کی امید رکھتا ہے، امریکی عہدے داروں کو پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجٹل اثاثہ جات کے مستقبل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو سے آگاہ کیا، پاکستان اور امریکہ کا کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نیویارک اہمیت کا حامل ہے۔