حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام کے خدوخال میں اہم تبدیلیوں کیلئے مشاورت

Published On 07 January,2026 11:21 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرض پروگرام کے خدوخال میں اہم تبدیلیوں کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے معاشی گروتھ بڑھانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاور ٹیرف میں کمی کیلئے مختلف تجاویز تیار کی ہیں۔

حکومت کی جانب سے بیروزگاری اور غربت میں کمی، ٹیکس رعایت اور پالیسی ریٹ میں کمی کیلئے بھی مشاورت کی جا رہی ہے، آئی ایم ایف سے قرض پروگرام میں ریلیف لینے کیلئے ورکنگ کی جا رہی ہے تاکہ ملکی معیشت میں استحکام اور ترقی کی راہیں ہموار کی جا سکیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت آئی ایم ایف سے پرائمری بیلنس اور صوبائی بجٹ سرپلس کے اہداف میں ریلیف کی درخواست کرے گی، اس کے علاوہ، مالیاتی گنجائش پیدا کر کے معاشی گروتھ کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے۔

وزارت خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو اس حوالے سے ریلیف اور گروتھ کیلئے تجاویز بھی بھجوا دی ہیں۔

حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے بعد تیسرے سال میں معاشی گروتھ بڑھانے کیلئے مزید اقدامات زیرغور ہیں، جن میں آئی ایم ایف پروگرام کو آن ٹریک رکھتے ہوئے ریلیف حاصل کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی اس حکمت عملی کا مقصد آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانا ہے تاکہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔