خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان زرعی برآمدات میں استحکام اور تیز رفتار ترقی کے ساتھ عالمی قیادت کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
بین الاقوامی جریدہ گلف نیوز نے بھی پاکستانی چاول کی عالمی سطح پر پزیرائی پر مہر ثبت کر دی۔
سال 2026 کے آغاز پر پاکستان ایک اور اعزاز کے ساتھ دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ ملک بن گیا، دسمبر 2025 میں پاکستانی چاولوں کی برآمدات نے 14 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کر کے عالمی منڈی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد غیر معمولی اضافے نے پاکستان کی برآمدی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، دسمبر 2025 میں پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کئے، جبکہ ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں۔
شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان نے ویتنام پر سبقت حاصل کر کے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی، پاکستان سے سب سے زیادہ چاول متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ کو برآمد کیا گیا۔
پاکستانی باسمتی چاول کے عالمی معیار اور مسابقتی قیمتوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ برآمدات میں مسلسل اضافہ زرعی شعبے میں مؤثر اصلاحات، عالمی منڈیوں کے بڑھتے اعتماد اور قومی معیشت کی پائیدار سمت کا واضح مظہر ہے۔