خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے رہنما ایس ایم تنویر نے کہا کہ وفاقی بجٹ معاشی بحالی کا روڈ میپ ہے، کاروباری برادری کے مطالبات پورے کئے گئے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں دی گئی مراعات ملکی معیشت کو استحکام سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے بجٹ میں متعارف کرائی گئی اہم مالیاتی سہولیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برآمد کنندگان پر عائد سپر ٹیکس کا خاتمہ، رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسوں میں 50 فیصد کمی، دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام اور تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف دینا کاروباری برادری کے دیرینہ مطالبات تھے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ کاروباری طبقہ مسلسل ٹیکسوں میں کمی کا مطالبہ کر رہا تھا تاکہ معیشت کو صرف استحکام تک محدود رکھنے کے بجائے فعال ترقی کی جانب لے جایا جا سکے۔
انہوں نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا بھی خیرمقدم کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی دفاع کے لیے خدمات کو سراہا اور اسلام آباد امن مذاکرات میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشترکہ کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
رئیل سٹیٹ سیکٹر کے لیے ٹیکس ریلیف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے ان اقدامات کی وکالت کر رہے تھے، ان کے مطابق رئیل اسٹیٹ کا شعبہ تقریباً 80 ذیلی صنعتوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے ملکی معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ معیشت کی حقیقی ترقی بیرونی سطح پر برآمدات میں اضافے اور اندرونی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی سے ممکن ہے، حکومت نے دونوں محاذوں پر جامع حکمت عملی اپنائی ہے، جو اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کو قومی مفاد میں متوازن اور ترقی پسند بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد بھی دی۔