خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا 2280 ارب کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا

خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا 2280 ارب کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا

محکمہ خزانہ کے مطابق ترقیاتی کاموں کیلئے صوبائی اے ڈی پی میں 225 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، ترقیاتی بجٹ میں 150 ارب روپے فارن ایڈ/اسسٹنس کی مد میں شامل کئے جائیں گے۔

روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ 60 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے، بجٹ میں 2500 سے زائد ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق خیبرپختونخوا کو اگلے مالی سال بھی رواں مالی سال کی طرح 1379 ارب روپے وفاق سے ملنے کی توقع ہے، دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ ہونے کی باعث کے پی کو وفاق سے ایک فیصد کی مد میں 139 ارب روپے ملنے کا امکان  ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی پیچیدگیوں کے باعث لیگل ٹیم نے 3 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں دی۔

عوامی مفاد اور صوبے کی ترقی کو مدنظر رکھ کر بجٹ پیش کیا جائے گا: بیرسٹر گوہر

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جون کو خیبرپختونخوا کا مکمل سالانہ بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مکمل سالانہ بجٹ پیش کرنے کیلئے گرین سگنل دے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ تمام اراکین اسمبلی بجٹ اجلاس میں شرکت کریں گے، صوبائی بجٹ کی منظوری کیلئے تمام اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ کا ساتھ دیں گے، ہماری خواہش تھی کہ بجٹ سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے بجٹ پر مشاورت کیلئے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے خیبرپختونخوا کے مفاد کو نقصان پہنچے، عوامی مفاد اور صوبے کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ پیش کیا جائے گا۔