حکومت نے پی آئی اے سی ایل کا انتظامی کنٹرول خریدار کنسورشیم کے حوالے کر دیا

حکومت نے  پی آئی اے سی ایل کا انتظامی کنٹرول خریدار کنسورشیم کے حوالے کر دیا

ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن پاکستان نے پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں پہلی فنانشل کلوزنگ مکمل کرلی، اس کے بعد انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا۔

نجکاری کمیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 29 جنوری 2026 کو ہونے والے شیئر خریداری معاہدے کی تمام شرائط غیر معمولی طور پر کم مدت میں مکمل کر لی گئی ہیں جس کے بعد پی آئی اے سی ایل کا انتظامی اختیار باضابطہ طور پر خریدار کنسورشیم کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ خریدار کنسورشیم اب تک حکومت پاکستان کو 10 ارب روپے ادا کر چکا ہے جب کہ پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری بھی کی جا چکی ہے۔

نجکاری کمیشن کا کہنا تھا آئندہ ایک سال کے دوران دوسری فنانشل کلوزنگ تک کنسورشیم مزید 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، اس کے علاوہ بقیہ 25 فیصد حصص کی خریداری کی صورت میں حکومت پاکستان کو مزید 45 ارب روپے کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔

دوسری جانب نجکاری کمیشن نے بتایا کہ خریدار کنسورشیم بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کا تحریری عندیہ بھی دے چکا ہے۔