خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے وزارت داخلہ کی متعدد سمریوں کی منظوری دے دی۔
وفاقی دارالحکومت میں محمد اورنگزیب کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں نادرا منصوبے کیلئے 2 ارب 19 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
اِسی طرح پاسپورٹ بک لیٹس کی پرنٹنگ اور خدمات کی بلا تعطل فراہمی کیلئے 5 ارب روپے، اسلام آباد ماڈل جیل، نیشنل پولیس ہسپتال اور سکیورٹی ڈیش بورڈ منصوبوں کیلئے 2 ارب 12 کروڑ روپے مختص کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اے این ایف ہیلی کاپٹروں کی مرمت کیلئے 24 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ اور خیبرپختونخوا سروس ڈیلیوری منصوبے کے تسلسل کیلئے نادرا کو فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
دوسری جانب امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 5 ارب روپے جاری کرنے اور کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فاطمہ فرٹیلائزر، ایگری ٹیک کو گیس فراہمی جاری رکھنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں اجلاس میں کہا گیا کہ یوریا کی مقامی مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے گیس سپلائی 30 جون 2026 تک جاری رہے گی۔