خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی بحالی کیلئے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ "الحمدللہ! آج پاکستان کے معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوگیا۔"
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن کا پہلا مالیاتی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا اور مینجمنٹ کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقل ہونے کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 29, 2026
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بحالی اور استحکام کے لیے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جب کہ یہ پیش رفت پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک کاوشوں نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے اقدامات جاری رکھے گی اور نئے مواقع پیدا کرکے پاکستان کے مزید خوشحال مستقبل کو یقینی بنایا جائے گا۔