کیش لیس معیشت سے شفافیت، پائیدار معاشی ترقی کو فروغ ملے گا: وزیراعظم

کیش لیس معیشت سے شفافیت، پائیدار معاشی ترقی کو فروغ ملے گا: وزیراعظم

وزیراعظم کی زیر صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ایک سال کے دوران کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں 300 فیصد اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے معاشی ٹیم کی تعریف کی، انہوں نے ہدایت کی کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ جانا اہم پیش رفت ہے، انہوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں مزید فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت بھی جاری کی، انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیتے ہوئے سراہا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں اور نقد ادائیگیوں کا تناسب 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ مستحقین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک میں موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ ہو چکی ہے۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جبکہ گزشتہ سال بیرون ملک سے آنے والی 92 فیصد ترسیلات زر ڈیجیٹل ذرائع سے موصول ہوئیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل جاری ہے اور اس کی حتمی رپورٹ سفارشات سمیت نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی، اس کے علاوہ پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے بھی رکن بینکوں کو راست سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اہداف دے دیے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔