خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے جولائی 2026 میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2026 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے مجموعی طور پر3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جبکہ جون 2026 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے 3 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں، یوں ایک سال کے دوران ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی 2026 میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے پاکستانیوں نے 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر وطن بھیجے، سعودی عرب سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان پہنچیں۔
اسی طرح اے یو ممالک سے جولائی 2026 میں مجموعی طور پر 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت کے لیے اہم قرار دیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا جولائی میں 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پر اظہار اطمینان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جولائی 2026 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جولائی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد اضافہ نہایت خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2026 میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر بھی 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سمندر پار پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مسلسل شراکت داری کا عکاس ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں تواتر سے مثبت کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی قومی معاشی دھارے کا بیش قیمت جزو ہیں اور ان کی جانب سے ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں، حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔