بیرونی سرمایہ کاری لانے کا مشن، صوبائی وزیر چوہدری شافع کینیڈا پہنچ گئے

بیرونی سرمایہ کاری لانے کا مشن، صوبائی وزیر چوہدری شافع کینیڈا پہنچ گئے

چیف آرگنائزر کینیڈا گیٹ وے ایکسپو رانا محمد تنویر اور پاکستان مسلم لیگ کینیڈا کے زیر اہتمام صوبائی وزیر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم، قونصل جنرل ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کے حقیقی سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان کی ترقی اور معیشت کے استحکام میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف ملک کیلئے زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ سرمایہ کاری، تجارت اور دنیا کے ساتھ پاکستان کے معاشی روابط بڑھانے میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور صوبے کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں، جن میں 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔

صوبائی وزیر نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں آئیں، حکومت پنجاب انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعت، زراعت، ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت کاروباری سرگرمیوں اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سہولت کاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی سفارت خانہ بھی دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے مؤثر کردار ادا کررہا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط معاشی پل ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات سے کہا کہ وہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے قابل عمل تجاویز دیں، ان تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چیف آرگنائزر کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026 رانا تنویر کی دعوت پر کینیڈا پہنچے ہیں۔

اس موقع پر چیف آرگنائزر کینیڈا گیٹ وے ایکسپو اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز رانا محمد تنویر نے چوہدری شافع حسین کے دورۂ کینیڈا کو پاکستان اور کینیڈا کے کاروباری روابط کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارت ان کی اصل اقتصادی صلاحیت سے کہیں کم ہے اور اسے کئی گنا بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

رانا محمد تنویر نے کہا کہ کینیڈا گیٹ وے ایکسپو اور لائف سٹائل ایکسپو کا مقصد پاکستانی صنعت کاروں، برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کو کینیڈین خریداروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں سے براہ راست جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، زرعی و غذائی مصنوعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعدد دوسرے شعبوں میں کینیڈین مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھا سکتا ہے۔

رانا محمد تنویر نے کہا کہ چوہدری شافع حسین کی کینیڈا آمد اور کینیڈین سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کی کوششوں کو تقویت دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات صرف درآمدات اور برآمدات تک محدود نہ رہیں بلکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوں۔

رانا محمد تنویر نے کہا کہ کینیڈا کو پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے شمالی امریکی منڈی تک رسائی کے ایک اہم دروازے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی ترقی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے، پارٹی کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کینیڈا میں پارٹی کا جو پودا لگایا تھا اسے تناور درخت بنایا جائے گا اور پاکستان مسلم لیگ کینیڈا کی تنظیم کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پارٹی تنظیم اور اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دورۂ کینیڈا کے دوران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام لائف سٹائل ایکسپو میں شرکت کریں گے، انہوں نے ایکسپو کے منتظمین سے ملاقات کرکے بین الاقوامی نمائش کے انتظامات اور مختلف امور پر بریفنگ بھی لی۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین ٹورنٹو میں کینیڈا کے ٹریڈ اینڈ کامرس اور زراعت کے شعبوں سے متعلق حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کے دوران ان کی کینولا ایسوسی ایشن کے صدر، کینیڈین سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں پنجاب میں سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارت بڑھانے اور کینیڈین کاروباری اداروں کو پاکستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے پر بات چیت کی جائے گی۔