آزاد کشمیر ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون نے پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف عبور کر لیا

آزاد کشمیر ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون نے پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف عبور کر لیا

 محکمہ کے مطابق جولائی تا ستمبر کی پہلی سہ ماہی کے لیے تقریباً 6.90 ارب روپے کا ہدف مقرر تھا، جبکہ ساؤتھ زون نے اس مدت کے دوران ہدف سے تقریباً 1.6 ارب روپے زائد وصول کیے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون کو مالی سال 27-2026 کے لیے مجموعی طور پر 46 ارب روپے ریونیو وصولی کا ہدف دیا گیا ہے، پہلی سہ ماہی میں ہدف سے زائد وصولی بہتر ریونیو ایڈمنسٹریشن، فیلڈ مانیٹرنگ، ٹیکس کمپلائنس اور ریکوری کے مؤثر نظام کے باعث ممکن ہوئی۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون سید انصر علی نے افسران، فیلڈ سٹاف اور دیگر ملازمین کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی سہ ماہی کے ہدف سے 1.6 ارب روپے سے زائد اضافی وصولی پوری ٹیم کی محنت، باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے آغاز ہی میں ریونیو اہداف کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی تھی، جس میں ریونیو وصولی کی مؤثر نگرانی، ٹیکس کمپلائنس میں بہتری، ٹیکس دہندگان سے رابطے، فیلڈ افسران کی نگرانی اور ریکوری کے عمل کو مضبوط بنانا شامل تھا۔

سید انصر علی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، ٹیکس نیٹ بڑھانے، نظام میں شفافیت اور ریاستی وسائل میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

کمشنر کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی میں ہدف سے زائد ریونیو وصولی اختتام نہیں بلکہ آئندہ بہتر کارکردگی کی بنیاد ہے، باقی مالی سال کے دوران فیلڈ مانیٹرنگ، ٹیکس کمپلائنس اور ریکوری پر خصوصی توجہ برقرار رکھی جائے گی تاکہ ساؤتھ زون 46 ارب روپے کے سالانہ ریونیو ہدف کے حصول کی جانب پیش رفت جاری رکھ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی سہ ماہی میں تقریباً 1.6 ارب روپے اضافی ریونیو وصولی اس امر کی عکاس ہے کہ مؤثر منصوبہ بندی، مسلسل نگرانی اور ٹیم ورک کے ذریعے آزاد کشمیر کی آمدن میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔