خلاصہ
- دبئی/سنگاپور/نیویارک: (سید مدثر خوشنود) سنگاپور میں TOKEN2049 کے کامیاب ایڈیشن کے بعد عالمی کرپٹو، بلاک چین اور ویب تھری انڈسٹری کی نظریں اب دبئی پر مرکوز ہوگئی ہیں، جہاں عالمی کرپٹو ایونٹ 21 اور 22 اپریل 2027ء کو مدینۃ جمیرہ میں منعقد ہوگا۔
منتظمین کے مطابق TOKEN2049 Dubai میں 15 ہزار سے زائد شرکا، 4 ہزار سے زائد کمپنیوں، 200 سے زائد مقررین اور 200 سے زائد نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے، اس ایونٹ میں ڈیجیٹل اثاثوں، بلاک چین، سرمایہ کاری، کرپٹو ایکسچینجز اور مالیاتی ٹیکنالوجی سے وابستہ عالمی ماہرین اور کاروباری شخصیات شریک ہوں گی۔
TOKEN2049 کو عالمی کرپٹو انڈسٹری کے بڑے اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپس کے بانیوں، ٹیکنالوجی ماہرین اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو نیٹ ورکنگ، کاروباری شراکت داری اور صنعت کے مستقبل پر تبادلہ خیال کا موقع ملتا ہے۔
دبئی ایڈیشن کو متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل اثاثوں اور ویب تھری شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے تناظر میں خاص توجہ حاصل ہے، دبئی مالیاتی ٹیکنالوجی، بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک اہم علاقائی مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ کے دوران کاروباری ملاقاتوں، سرمایہ کاری کے مواقع، نئی ٹیکنالوجیز اور عالمی کرپٹو مارکیٹ کے رجحانات پر گفتگو ہوگی، اس اجتماع میں ایکسچینجز، ویب تھری کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کی شرکت متوقع ہے۔
TOKEN2049 کا عالمی سلسلہ دبئی کے بعد نیویارک تک پہنچے گا، جہاں ایونٹ 16 اور 17 جون 2027 کو منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، سنگاپور، دبئی اور نیویارک میں ہونے والے اجتماعات عالمی ڈیجیٹل معیشت، بلاک چین جدت اور کرپٹو سرمایہ کاری سے وابستہ افراد کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان، جنوبی ایشیا اور خلیجی ممالک کی ٹیکنالوجی کمیونٹی کے لیے بھی TOKEN2049 Dubai کاروباری روابط، سرمایہ کاری کے امکانات اور عالمی ویب تھری صنعت کے رجحانات سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔