احد چیمہ کی ایم ڈی آپریشنز ورلڈ بینک سے ملاقات، پاکستان کے ترقیاتی اہداف پر اہم تبادلہ خیال

احد چیمہ کی ایم ڈی آپریشنز ورلڈ بینک سے ملاقات، پاکستان کے ترقیاتی اہداف پر اہم تبادلہ خیال

اجلاس کے موقع پر احد چیمہ نے ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز انا بیئرڈے سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) 2035–2026 پر عمل درآمد میں تیزی لانے اور اس کے تحت طے شدہ اہداف کو ٹھوس ترقیاتی نتائج میں تبدیل کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

احد چیمہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے کہ سی پی ایف کے اہداف کو عملی اقدامات اور قابلِ پیمائش نتائج میں بدلا جائے تاکہ ملک میں ترقیاتی عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں تکنیکی اور مالی معاونت بڑھانے کے ساتھ مربوط ترقیاتی پروگراموں کی ضرورت پر زور دی، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، پیش رفت کے جائزے اور نتائج کی جانچ کے لیے ڈیجیٹل نظام وضع کرنا ضروری ہے، تاکہ منصوبوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

احد چیمہ نے منصوبوں کی بہتر تیاری اور بروقت تکمیل کے لیے پراجیکٹ ریڈینس سہولیات اور قابلِ پیش گوئی مالی معاونت کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رعایتی مالی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے قرضوں کے پائیدار انتظام کو برقرار رکھا جائے، تاکہ ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ مالی استحکام کے اہداف بھی حاصل کیے جا سکیں۔

ملاقات کے دوران انسانی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت، پانی و صفائی کی سہولیات اور معاشی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

احد چیمہ نے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے والے شعبوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرمایہ کاری جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے ایم ایل ون ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کے لیے ورلڈ بینک کی مزید معاونت کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے، اس موقع پر تقریباً 1,800 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کے ساتھ اقتصادی راہداری قائم کرنے کے وژن پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کا مقصد ریلوے کے بنیادی ڈھانچے اور اس سے منسلک اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی ترقی کے لیے مجوزہ منرلز کمپیکٹ بھی ملاقات کے ایجنڈے کا حصہ رہا، اس سلسلے میں معدنی وسائل سے متعلق ترقیاتی امکانات اور متعلقہ ترجیحات پر گفتگو کی گئی۔

ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز انا بیئرڈے نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں معاونت فراہم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ نے مشترکہ ترجیحات کے تحت تعاون مزید گہرا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔