خلاصہ
- اسلام آباد: ( دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ کے لیے ڈاکٹر عشرت حسین نے انقلابی اقدامات کیے۔
اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 29ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے دوران ڈاکٹر عشرت حسین کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈاکٹر عشرت حسین کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے پبلک سروس میں ہمیشہ معیاری خدمات کی فراہمی اور اصلاحات کو ترجیح دی، انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک کی حیثیت سے بھی اہم خدمات انجام دیں اور بینکاری شعبے میں اصلاحات کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کے دور میں سٹیٹ بینک کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا گیا جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ کے لیے بھی انقلابی اقدامات کیے گئے، ڈاکٹر عشرت حسین نے پبلک سروس میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور اصلاحات سے متعلق جدید تحقیق کو بھی فروغ دیا۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اداروں کی رائٹ سائزنگ کے عمل میں بھی ڈاکٹر عشرت حسین کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔ بینکاری شعبے کی ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔