خلاصہ
- سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پروفیشنل ٹیم قائم کریں گے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ یونائیٹڈ بزنس گروپ کا مضبوط قلعہ ہے، یہاں سے ایک ووٹ بھی آگے پیچھے نہیں ہوتا۔
اُنہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی ظفر میاں ظفر نے انہیں بتایا کہ جو ایک ووٹ پہلے ان کے ساتھ نہیں تھا، وہ بھی اب ان کے ساتھ آ گیا ہے۔
سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے صدر نہیں ہوں گے بلکہ کاروباری برادری کا ہر فرد صدر بننے جا رہا ہے، کامیابی کے لیے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی کیونکہ کاروباری برادری کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ زونل کمیٹیاں بنانے کے بجائے ہر چیمبر اور ایسوسی ایشن اپنے نمائندے نامزد کرکے اپنی کمیٹیاں تشکیل دے گی اور اپنے مسائل سامنے لائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر، بجلی اور امن و امان سمیت کاروباری برادری کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے الگ شعبہ قائم کیا جائے گا، جہاں پروفیشنل ٹیم کام کرے گی۔
سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد اجلاس منعقد کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، انہوں نے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے متعلقہ دستاویزات پہلے سے منظور کروا کر تیار رکھیں تاکہ عملی کام میں تاخیر نہ ہو۔
ایس ایم تنویر کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے 216 ووٹوں کو چیلنج کیا ہے، تاہم کامیابی کے لیے تمام ارکان کو بھرپور محنت کرنا ہو گی۔