معرکہ حق جیتا، اب معرکہ معیشت فتح کرکے دکھائیں گے: ایس ایم تنویر

معرکہ حق جیتا، اب معرکہ معیشت فتح کرکے دکھائیں گے: ایس ایم تنویر

شہرِ قائد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں حصہ لینے کا بنیادی مقصد بزنس کمیونٹی کی عزت اور وقار میں اضافہ کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کاروباری برادری کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا، یو بی جی اور بی این بی پی کا اتحاد کامیابی کے جھنڈے گاڑے گا۔

فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ایک جھنڈے تلے متحد کر لیا ہے، بلوچستان، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ سے کاروباری قیادت کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ موجود ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ یو بی جی اور بی این بی پی کے علاوہ بعض کاروباری گروپس کے افراد ذاتی مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اُن کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح اب معرکہ معیشت بھی جیت کر دکھائیں گے۔