(دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ دو سال پہلے جب میں نے بابراعظم کو نیٹ میں پریکٹس کرتے دیکھا تو کہا تھا کہ نوجوان بلے باز ویرات کوہلی کی طرح بہت آگے جائے گا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم نے ابھی تک بابراعظم کی بہترین پرفارمنس نہیں دیکھی۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ایک ویب سائٹ کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ مجھے ہمیشہ بابراعظم کی صلاحیتوں پر اعتماد رہا ہے۔
بابراعظم نے گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 58 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن اس کے باوجود پاکستان 189 رنز کا ہدف حاصل نہیں کر سکا اور گرین شرٹس کو 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ بابراعظم ایک نوجوان کھلاڑی سے ایک تجربہ کار بلے باز میں تبدیل ہو چکا ہے اور وہ بہت مضبوط اور فٹ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا مجھے پورا یقین ہے کہ بابراعظم بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں دنیا کے 5 بہترین بلے بازوں میں شامل ہو جائے گا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابراعظم اعظم دن بدن بہتر سے بہتر ہوتے جا رہے ہیں اور انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف تینوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنے اوپر ایشیا سے باہر اچھا پرفارم نہ کرنے سے متعلق اٹھنے والے سوالات کو ختم کر دیا ہے۔
مکی آرتھر نے جنوبی افریقا کے خلاف بولرز کی پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم کے علاوہ کسی بھی بولر نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، ہم نے اپنے پلان پر عمل نہیں کیا اور شارٹ پچ گیندوں پر 64 رنز دیئے اور ہماری بولنگ کا آخری اوور سب سے گندا گیا۔