پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے مفت صحت کارڈ سکیم میں مزید سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کے پی کابینہ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مفت صحت کارڈ سکیم کے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں علی امین گنڈا پور نے پالیسی بورڈ کے ذریعے صحت کارڈ سکیم کے تحت مفت علاج کی سہولیات کیلئے مزید سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ہر تحصیل میں صحت کارڈ کے پینل پر کم سے کم ایک ہسپتال شامل کرنے کی کوشش ہوگی، انہوں نے محکمہ خزانہ کو آؤٹ سورس ہسپتالوں کے بقایاجات فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت کی۔
اسی طرح علی امین گنڈا پورنے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مزید ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ، اجلاس میں ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے اور وزیراعلیٰ کو سٹیرنگ کمیٹی کا چئیرمین بنانے کا فیصلہ ہوا۔
علاوہ ازیں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ نجی کمپنی کے اشتراک سے ہیموفیلیا کے شکار بچوں کو مفت ادویات کی فراہمی اور علاج کیلئے آدھا خرچ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
علی امین گنڈا پور کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں، صحت کارڈ سکیم اور تدریسی ہسپتالوں کے نظام میں مزید بہتری لائی جارہی ہے جبکہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے صحت کے شعبے میں بہت جلد واضح تبدیلی نظر آئے گی۔