پی ایس ایل فائیو: گریگورے، حیدر علی کی شاندار کارکردگی، زلمی نے قلندرز کو زیر کر لیا

Last Updated On 29 February,2020 12:18 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے مرحلے کے دوران راولپنڈی میں کھیلے جانے والے 11 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو زیر کر لیا۔ گریگورے نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

 تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ کو 12 اوورز تک محدود رکھا گیا۔

پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے کیا، دونوں نے شروع سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلیں۔

تیسرے اوورز میں کامران اکمل 32 کے مجموعی سکور پر 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بن گئے، ٹام بینٹن نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی باری کھیلی اور ڈیوڈ وائز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

 ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو بے بس کر دیا، انہوں نے اپنی 12 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز میں 4 بلند و بالا چھکے مارے اور دلبر حسین کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

 پشاور زلمی کے دیگر بیٹسمینوں لیونگسٹون نے 4، محمد محسن صفر، گریگورے 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سیمی نے12 جبکہ وہاب ریاض نے 13 رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے مقررہ 12 اوورز میں 132 رنز بنائے۔ دلبر حسین نے تین شکار کیے۔ وائز کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز آسٹریلیا سے تعلق رکھنے کرس لائن اور فخر زمان نے کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

 لاہور قلندرز کو پہلا نقصان کرس لائن کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 15 گیندوں پر 30 رنز بنائے، گریگورے نے انہیں واپس بھیجا۔ گریگورے نے اسی اوور میں محمد حفیظ کو آؤٹ کیا۔ بینٹن نے کیچ تھاما۔

فخر زمان 19 گیندوں پر 22 رنز بنا کر چلتے بنے ، اس بار بھی وکٹ گریگورے کے حصے میں آئی، کیچ لیونگسٹون نے تھاما۔

لاہور قلندرز کے کپتان چار گیندوں پر 12 رنز بنا کر گریگورے کا نشانہ بن گئے، وکٹ کیپر کامران اکمل نے کیچ پکڑا۔ دیگر بیٹسمینوں میں وائز 9 پر پویلین لوٹے،سمٹ پٹیل نے 34 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم 12 اوورز میں 116 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے باؤلر گریگورے نے چار شکار کیے۔ محمد عامر خان، وہاب ریاض کے حصے میں 1.1 وکٹ آئی۔