اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو انگلینڈ بھیجنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے گراؤنڈ آباد ہونے چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی سے ملاقات کے دوران کیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وزیر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ سے متعلق بریفنگ دی جبکہ کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئر مین پی سی بی نے کرکٹ بورڈ کے مالی معاملات، ڈومیسٹک، انٹرنیشنل کرکٹ سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان نے واضح انداز میں کہا کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں، کورونا کے دنوں میں کسی کو بھی پی سی بی میں ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا دروہ انگلینڈ ایس او پیز کے تحت کیا جائیگا۔ کھیلوں کے گراؤنڈ آباد ہونے چاہئیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کورونا کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سینٹرل کنٹریکٹ اور ایمرجنگ کیٹیگری کے 20 کھلاڑی شامل ہیں۔
دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز کی کپتانی اظہر علی کریں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔