رفتار بڑھانے سے زیادہ توجہ وکٹ حاصل کرنے پر ہوتی ہے: محمد عباس

Published On 18 June,2021 04:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ رفتار بڑھانے سے زیادہ میری ساری توجہ وکٹ حاصل کرنے پر ہوتی ہے۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ انٹرویو میں محمد عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کون سا ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتا تھا جو اب کہا جارہاہےکہ اسپیڈ کم ہوئی ہے، ہمیشہ ایک سو تیس کے آس پاس بولنگ کرتا ہوں۔

نیشنل ہائی کیمپ میں شامل دائیں ہاتھ کےپیسر نے بتایا کہ انگلینڈ سے واپسی پر ایک دم ٹھنڈے موسم سے لاہور کی گرمی میں ایڈجسٹ ہونے میں کچھ وقت لگا، کاونٹی سےواپسی پر آرام نہیں کیا، سیدھا کیمپ کو جوائن کیا۔ آگے بڑھنے میں ٹریننگ کے ساتھ لیکچرز بھی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وکٹیں مل رہی ہوتی ہیں تو باؤلر میں ایک انرجی آتی ہے اور پانچ چھ کلومیٹر رفتار میں اضافہ ہوجاتاہے۔ دس اوورز بعد بھی وکٹ نہ ملے تو پھرایساجسم تھکا تھکا لگنےلگتاہے۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جب بھی موقع ملے، پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھاؤں، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے تجربہ شاندار رہا، وکٹ حاصل کرنے کے لیے اسکلز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ فٹنس میں بہتری کے لیے بھی کوشاں ہوں۔