پی ایس ایل 6 فائنل: دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کیلئے پرعزم

پی ایس ایل 6 فائنل: دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کیلئے پرعزم

آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز مضبوط ٹیم ہے، فائنل وہ جیتے گا جو اعصاب پر کنٹرول رکھے گا۔ پی ایس ایل فائنل کھیلنا بہت اعزاز کی بات ہے۔ ٹیم نے بہت اچھا مومینٹم پِک کرلیا ہے، اس کو جاری رکھیں گے۔ امید ہے حضرت اللّٰہ زازئی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وہ بطور کپتان نروس ضرور ہوجاتے ہیں۔ ملتان سطانز مضبوط ٹیم ہے، فائنل وہ جیتے گا جو اعصاب پر کنٹرول رکھے گا۔ ہمیشہ سیکنڈ پر رہا ہوں، کل کوشش کروں گا کہ دھانی سے زیادہ سے وکٹیں لوں۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ صہیب مقصود اور شاہنواز دھانی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، کل پریشر میچ ہوگا۔ فائنل کا پریشر نہیں لے رہا، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ بطور کپتان ٹورنامنٹ جیتنا میرا خواب ہے۔

شعیب ملک سے متعلق بات کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سینئر آل راؤنڈر شاندار کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی موجودگی سے فیلڈ میں فائدہ ہورہا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شروع میں ایسا لگ رہا تھا کہ ہماری ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی تاہم لڑکوں نے بہت محنت کی جس کا بہتر نتیجہ نکلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے ملکر اچھی کرکٹ کھیلی، کسی ایک کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن یہ کہنا چاہتا ہوں تمام کھلاڑی ون یونٹ کی طرح کھیل رہے ہیں۔ کراچی میں ہمارے میں موومنٹم میں فرق پڑ رہا تھا، میرا یقین ہے کہ بڑے سٹارز کی بجائے ٹیم کے برابر کمبی نیشن کا حامی ہوں۔ ٹیم کو متحد رکھنا میرا ہدف ہے۔