لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کی 11رکنی ٹیم تشکیل دی ہے، جس کی قیادت فاتح ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو دی گئی ہے۔
ٹیم کا انتخاب کمنٹیٹر پینل نے کیا، جس کا اعلان پی سی بی نے ٹیم آف پاکستان سپر لیگ 6 کے عنوان سے کیا ہے۔ ٹیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے 3 ،3 ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے 2 ،2 جبکہ کراچی کنگز کا 1 کھلاڑی شامل ہے۔
فاتح ملتان سلطان کی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے، دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللّٰہ زازئی، بابر اعظم، کولن منرو، صہیب مقصود، آصف علی، وہاب ریاض، راشد خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاہ نواز دھانی شامل ہیں،11رکنی ٹیم میں 8 ملکی اور 3 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔
اس ٹیم کا انتخاب سابق کھلاڑیوں اور موجودہ کمنٹیٹرز پر مشتمل پینل نے کیا ہے، جس کی سربراہی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور ٹیکنکل کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان کررہے تھے۔