اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پشاور میں ایک دن قیام کے بعد اسلام آباد پہنچ گئی۔ کوچ افغان کرکٹ ٹیم رئیس احمد زئی کے مطابق اسلام آباد سے کراچی، پھر بنگلادیش روانہ ہوں گے۔
افغان کرکٹ ٹیم بنگلا دیش میں 5 ون ڈے میچز اور ایک 4 روزہ میچ کھیلے گی۔ طالبان نے افغان قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی منظوری بھی دے دی۔
افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اولین ٹیسٹ میچ گذشتہ برس 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلا جانا تھا تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔
آسٹریلیا کے دورے سے قبل افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی جو متحدہ عرب امارات میں 17 اکتوبر سے 15 نومبر 2021 تک شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی ہوم سیریز کو افغانستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے پہلے سری لنکا منتقل کیا گیا اور پھر اسے لاجسٹک اور کووڈ 19 کے مسائل کی وجہ سے اگلے برس تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔