دبئی:(دنیا نیوز)آئی سی سی نے ٹی 20 پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بابر اعظم دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ محمد رضوان نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے چوتھی پوزیشن چھین لی ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے کھلاڑیوں کی ٹی 20رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا دوسرا نمبر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان آٹھ سو اکتیس پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
— ICC (@ICC) October 27, 2021
شاہینوں کے کپتان 820 کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم پانچ درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے جبکہ بھارت کے خلاف میچ کے ہیرو محمد رضوان نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 727پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
باؤلرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کیٹگری میں شکیب الحسن دو سو پچانوے پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔