ٹی 20 ورلڈکپ: آصف کی فتح گر اننگز، پاکستان کی افغانستان کو 5وکٹوں سے مات

Published On 29 October,2021 06:28 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں سنسنی خیز میچ میں آصف علی کی فتح گر اننگز کے باعث ناقابل شکست پاکستان نے افغانستان کو 5وکٹوں سے مات دیدی، آصف علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے اپنا تیسرا میچ کھیلا جبکہ یہ میگا ایونٹ کا 24واں میچ تھا جس میں افغانستان کی ٹیم نے پہلے ٹاس جیتا اور پاکستان کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی ۔

پاکستان بیٹنگ

گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ہدف کے تعاقب میں کیلئے اننگز کا آغاز کیا،محمد رضوان 8رنز بناکر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے جو کہ 30رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے،محمد حفیظ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے جو 10رنز بناکر راشد خان کا شکار بنے،بابر اعظم نے 47گیندوں پر 51رنز بناکر راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔شعیب ملک19رنز بناکر نوین الحق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے بلے باز آصف  علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایک اوور میں 4چھکے لگا کر فتح کو یقینی بنایا، وہ 7گیندوں پر 25رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مرد میدان قرار پائے۔ افغانستان کی طرف سے راشد خان نے دو شکار کیے۔ 

افغان بیٹنگ

افغانستان نےمقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنائے،کپتان محمد نبی اور گلبدین نائب 35،35رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے سب سے زیادہ 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہمسایہ ملک کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پھینکی۔

افغان بلے باز حضرت اللہ زازئی صفر پر عماد وسیم کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد شہزاد تھے جو کہ 13کے مجموعی سکور پر 8رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

افغانستان کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر اصغر افغان تھے جنہوں نے 10رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے،چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر رحمان اللہ گرباز تھے جو کہ 10رنز بناکر حسن علی کا نشانہ بنے۔ 

پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں آؤٹ ہونے والے بیٹر کریم جنت تھے جنہوں نے 15رنز بنائے اور عماد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے،چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر نجیب اللہ زدران تھے جو کہ شاداب خان کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان سکواڈ

پاکستان پلئینگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، آصف علی ، عماد وسیم،شاداب خان ، حسن علی ، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔

افغانستان سکواڈ 

افغانستان پلئینگ الیون میں محمد شہزاد ، حضرت اللہ زازئی ، محمد نبی ، راشد خان ، مجیب الرحمان ، نجیب اللہ زدران ، رحمان اللہ گرباز ، اصغر افغان ، گلبدین نائب ، کریم جنت اور نوین الحق شامل تھے۔

 

 

Advertisement