لاہور:(دنیا نیوز) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون نے دنیا بھر میں اپنے پنجے تیزی کے ساتھ گاڑنے شروع کردیئے ہیں ، گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق عالمی وبا میں مبتلا ہوئے تھے اور اب ویمنز ٹیم کے کوچ بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ڈیوڈ ہیمپ کا انگلینڈ سے پاکستان روانگی کے لیے لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث ڈیوڈ ہیمپ کی کراچی آمد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور وہ اب آئندہ ہفتے کراچی پہنچ کر کیمپ جوائن کریں گے ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہورہا ہے ۔