احمد آباد : ( ویب ڈیسک ) بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل ( یکم فروری) کو احمد آباد کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کیوی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 21 رنز سے شکست دی تھی تاہم میزبان بھارتی ٹیم نے دوسرے میچ میں نہ صرف جاندار کم بیک کیا بلکہ کیوی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
اس سے قبل میزبان بھارتی ٹیم نے کیویز کو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا ، بھارتی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں کیوی ٹیم کو 12 رنز ، دوسرے میچ میں 8 وکٹوں اور تیسرےمیچ میں 90 رنز سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز جیتنے کے لئے فیصلہ کن میچ میں کامیابی کے بیانات دیئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو فیصلہ کن میچ میں کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔