کراچی: پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران اچھے کھلاڑیوں پر نظر ہوگی جو آگے چل کر پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنی بیٹنگ میں نئے خطوط پر کام کر رہا ہوں، لیگ میں مقابلے دلچسپ اور سخت ہوں گے، سپنرز کو کم کھیلنے کا موقع ملتا ہے اس لیے سپن بولنگ کے خلاف پریکٹس پر توجہ دی ہے۔
بابراعظم نے کہا بیٹنگ میں کچھ نیا کرنے کی کوشش ہے، پریکٹس میں کچھ تجربات کیے ہیں جن پر عمل کروں گا،کراچی کنگز کے پاس کوالٹی بولرز موجود ہیں، کوالٹی بولرز کیخلاف کھیلنے کا مزہ آتا ہے، سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے۔
فاسٹ بولر محمد عامر کے مدمقابل آنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں اچھے بولر اور اچھے بیٹر ہوتے ہیں۔
پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض پی ایس ایل کے لیے دستیاب ہیں، تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، جو اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی، چند نئے شارٹس کی پریکٹس کی ہے، تمام فرنچائز ٹیموں کے لیے دعاگو ہوں، ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا الگ ہی مزہ ہوتا ہے،پشاور زلمی کیساتھ پہلا سال ہے کوشش یہی ہے کہ ہم جیتیں۔