کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ عائد کردیا گیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں، جہاں زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کنگز کو 2 رنز سے شکست دی۔
تاہم میچ ریفری علی نقوی نے پشاور زلمی پر مقررہ ٹائم فریم سے ایک اوور کم ہونے کی وجہ سے سلو اوور ریٹ پر جرمانہ کر دیا۔
کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق کپتان سمیت ہر کھلاڑی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 199 رنز بنائے تھے جبکہ کراچی کنگز کو 200 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم کنگز کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا سکی۔