لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ وہ سب کھلاڑیوں کی شادی کروانے کے بعد شادی کریں گے۔
نجی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران میزبان نے بابر اعظم سے رواں برس ساتھی کرکٹرز کے شادی کے بندھن میں بندھنے اور کپتان کے تاحال کنوارے ہونے کا سوال کیا۔
جس پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میں نے سوچ لیا ہے ان سب کی شادی کروانے کے بعد میں خود شادی کروں گا‘۔
دوسری جانب بابر نے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آج بھی جب سٹیڈیم میں بال پِکر کو دیکھوں تو شکر ادا کرتا ہوں اوریاد کرتا ہوں کہ ایک دن میں بھی اس مقام پر تھا لیکن اب اللہ کا شکر ہے اس نے مجھے یہ مقام عطا کیا‘۔
بابر نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘انسان کو چاہیے خود پر بھروسہ رکھے کیوں کہ انسان جو ٹھان لے اور سچے دل سے لگن کے ساتھ محنت کرے تو وہ اپنا مقصد ضرور حاصل کرلیتا ہے‘۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ’انسان جتنا نیک نیتی کے ساتھ خود پر بھروسہ کرے گا اس کے لیے راستے اتنے ہی کھلتے جائیں گے‘۔