بنگلورو: (دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا 18واں میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان جمعہ کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا، گزشتہ ریکارڈ کے حساب سے کینگروز کو شاہینوں پر برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ون ڈے میچز میں اب تک 107 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے کینگروز نے 69 اور پاکستان نے 34 میچز اپنے نام کیے، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیمیں 10 بار ٹکرائیں جن میں سے 6 بار جیت کینگروز کے نام رہی جبکہ صرف 4 میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
ایشیائی کنڈیشنز کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ کے میچز میں 2 بار ایشیا میں مدمقابل ہوئیں، پہلی بار دونوں ٹیمیں 1987ء کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں جس میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
دوسری بار شاہین اور کینگروز 2011ء کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں مد مقابل آئے جس میں جیت گرین شرٹس نے اپنے نام کی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔