چنئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی۔
بھارت کے شہر چنئی میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
جنوبی افریقہ نے 271 رنز کا ہدف 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ایڈن ماکرم 91 رنز کیساتھ نمایاں رہے، جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی اور بھی مشکل ہوگئی۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 27, 2023
جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باوما نے کیا تاہم کوئنٹن ڈی کوک 34 کے مجموعی سکور پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ٹیمبا باوما 20 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 121 کے مجموعی سکور پر گری جب راسی وین ڈیر ڈوسن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ہینرک کلاسن 12، ڈیوڈ ملر 29، مارکو جانسن 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 27, 2023
جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ 250 کے مجموعی سکور پر گری جب ایڈن مارکرم 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیل کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جیڑالڈ کوٹزی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد وسیم ، اسامہ میر اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 27, 2023
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن ایک بار پھر اوپننگ جوڑی پاکستان کو شاندار آغاز فراہم نہ کرسکی۔
اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق جنوبی افریقی کرکٹر مارکو جینسن کی گیند پر 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد پاکستان کی اگلی وکٹ بھی مارکو جینسن نے لی، امام الحق 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی اور کپتان کا ساتھ دیتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور وہ 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کوٹیزے کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 27, 2023
رضوان کے بعد نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد نے جارحانہ انداز تو اپنایا مگر وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور مڈل آرڈر بیٹر 21 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد قومی ٹیم کو اگلا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، قومی کپتان 65 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 27, 2023
پاکستان کی چھٹی وکٹ 240 کے مجموعی سکور پر گری جب سعود شکیل 52 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان 43، محمد نواز 24، شاہین شاہ آفریدی 2 جبکہ محمد وسیم 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 27, 2023
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 ، مارکو جانسن نے 3 ، جیرالڈ کوٹزی نے 2 اور لنگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔