ساتھی کرکٹرز کا بابر اعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

Published On 16 November,2023 02:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد ساتھی کرکٹرز کی جانب سے بابر اعظم کیلئے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ بابر آپ دِلوں کے کپتان ہو، آپ یقینی طور پر پاکستان کے عظیم ترین بیٹرز میں سے ایک ہیں، آپ کی ایمانداری، محبت، دیانت داری، خیالات اور بطور کپتان پاکستان کیلئے کوششیں قابل تقلید ہیں، میری دعا ہے کہ آپ پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں۔ آمین

ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان شاہین آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ بابر کی مثالی قیادت میں بہترین ٹیم ورک او ر دوستی دیکھی، ٹیم کو متحد کرنے اور اجتماعی کامیابی کیلئے آپ کی صف اول کی قیادت، عزم قابل تعریف ہے، مجھے انتظار ہے کہ آپ بیٹنگ میں مزید ریکارڈ توڑیں گے، انشاءاللہ۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان اور لیگ سپنر شاداب خان نے بابر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور نئے مقرر ہونے والے کپتان شان مسعود اور شاہین آفریدی کو مبارک باد بھی دی۔