احمد آباد: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کا بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی جادو نہ چل سکا، آسٹریلیا نے بھارت کا 241 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
— ICC (@ICC) November 19, 2023
آسٹریلیا کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی سکور پر 3 اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
— ICC (@ICC) November 19, 2023
ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشیانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے بالکل قریب کر دیا۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی، مارنوس لیبوشیانے ناقابل شکست 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
— ICC (@ICC) November 19, 2023
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کی اننگز
بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
— BCCI (@BCCI) November 19, 2023
شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
— BCCI (@BCCI) November 19, 2023
بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی سکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔
— BCCI (@BCCI) November 19, 2023
دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 18، کلدیپ یادیو نے 10 اور محمد شامی نے 6 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
— BCCI (@BCCI) November 19, 2023
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس
ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
آسٹریلوی سکواڈ
کپتان پیٹ کمنز، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، سٹیو سمتھ، مارنوس لیبوشیانے، گلین میکسویل، جوش انگلس، مچل سٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ۔
بھارتی سکواڈ
کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، سوریا کمار یادیو، محمد شامی، محمد سراج۔
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ
ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 15 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 9 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے 8ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم نے چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلا، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں جس میں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
ورلڈ کپ 2023ء کی انعامی رقم
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز بطور انعام ملیں گے۔