لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے سیزن 9 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ 9 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے چار امپائرز پینل میں شامل کئے گئے، روشن مہاناما مسلسل نویں پی ایس ایل میں میچ ریفری مقرر ہوگئے۔
لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ کراچی اور راولپنڈی میں 28 فروری سے 12 مارچ تک 16 میچز کھیلے جائیں گے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 12, 2024
ذرائع کے مطابق 14 سے 18 مارچ تک کراچی میں ہونے والے کوالیفائر، دو ایلیمینیٹر اور فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے چار ارکان رچرڈ النگورتھ ، کرس گیفینی، احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزیب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیاگوروگے، آصف یعقوب ، الیکس وارف ، عبدالمقیت، محمد آصف ،ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں۔
غیر ملکی امپائرز میں سے النگورتھ اس سے قبل لیگ کے چھ ایڈیشنز میں امپائر رہ چکے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل میں 48 میچوں میں امپائرنگ کی ہے، انگلینڈ کے گف اس سے قبل چار ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں، اس کے بعد وارف 11 میچز اور سری لنکا کے پالیا گوروگے تین میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 9 کی چمچماتی ٹرافی کی کل نقاب کشائی
نیوزی لینڈ کے گیفینی 18 فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے، روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97 میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے ہیں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں اپنے مسلسل نویں سال میں پی ایس ایل میں ہوں گے اور تین میچ ریفریوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین علی نقوی اور محمد جاوید ہیں۔
لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کریں گے، طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ شوزیب رضا ریزرو امپائر کے فرائض انجام دیں گے، میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔