راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ اپنے سکواڈ سے مطمئن ہوں، پاکستان کے پاس بہترین بیٹرز، باؤلرز اور آل راؤنڈرز موجود ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی: مارک چیپمین
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل 12 اہم میچز ہیں، بیٹنگ اور باؤلنگ کے پلان پر کام جاری ہے، کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ 6 جون کو پہلا ورلڈکپ کا میچ کھیلیں تو ہمارا بہترین سکواڈ ہو۔
اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مستقبل میں بڑے ریکارڈ بنا سکتے ہیں، روٹیشن پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پلیئنگ الیون بنائی جائے گی، مجھے عامر جمال کا کھیل پسند ہے وہ بہت باصلاحیت ہیں اور مستقبل کے بڑے آل راؤنڈر ثابت ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے مزید کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عباس آفریدی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، شاہین آفریدی سپر فٹ ہے اور ان کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کاکول کی فٹنس سے سب مطمئن ہیں۔