راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ان فٹ ہوجانے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
سٹار وکٹ کیپر بلے باز راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکارہو کر سیریز سے بار ہو گئے۔
سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی جس میں محمد رضوان 23 کے انفرادی سکور پر تھے جب وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر کھیل جاری نہ رکھ سکے اور میدان سے باہر چلے گئے۔
ٹیم ڈاکٹر نے معائنے کے بعد محمد رضوان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا اور احتیاطاً میڈیکل ٹیم نے انہیں کھیلنے سے روک دیا ہے، چنانچہ اب وکٹ کیپر بیٹر پانچ میچوں کی سیریز کے باقی میچوں کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے باقی میچوں کے لیے محمد رضوان کی عدم دستیابی کی تصدیق کردی۔