لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔
قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے کہا ہے کرکٹ ٹیم کی تشکیل نوکریں، میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے صرف ٹیلنٹ کو آگے لایا جائے، کرکٹ ٹیم کی تشکیل نو ایک بڑی کامیابی ہو گی، میرٹ کیخلاف میں بھی سفارش کروں تو نہ مانیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹ پر بھرپور توجہ دیں، امید ہے پاکستان کرکٹ کا نام دوبارہ روشن ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیمز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، خوشی ہے قذافی سٹیڈیم کا سٹرکچر جدید خطوط پر استوار کرنے کا اقدام اٹھایا گیا، منصوبے کا ذمہ سنبھالنے پر محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب بہترین کام کرائے، امید ہے محسن نقوی اس منصوبے کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔