دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے جاری ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی بیٹر بابر اعظم اور محمد رضوان کی ایک ایک درجہ ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے جو روٹ بدستور پہلے نمبر پر اور انگلینڈ کے ہیری بروک 7 درجے ترقی کے بعد 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں، سری لنکاکےخلاف سیریز کے بعد انگلینڈ کے بیٹرز کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔
رینکنگ کے مطابق پاکستان کے محمد رضوان ایک درجے ترقی کے بعد 10 ویں سے 9 ویں نمبر پر اور بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد 12 ویں سے 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر ہے، بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کےشاہین شاہ آفریدی ایک درجےترقی کے بعد ٹاپ 10 میں آگئے ہیں۔