پونے: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز اپنی پہلی اننگز میں 259 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
جمعرات کے روز مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 79.1 اوورز میں 259 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
اوپننگ بیٹر ڈیون کونوے نے 76 اور راچن رویندرا نے 65 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں مچل سینٹنر 33، ڈیرل مچل 18، ول ینگ 18 اور کپتان ٹوم لیتھم 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارتی سپن باؤلر واشنگٹن سندر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 23.1 اوورز میں 59 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی چندرن ایشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے نیوزی لینڈ کے 259 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بنا لئے، شبمن گل 10 اور یشاسوی جیسوال 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ کپتان روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے ٹم ساوتھی کی بال پر بولڈ ہوئے۔