نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے مشرق میں سمندری طوفان 'دانا' کی شدت میں اضافہ، ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق کے مطابق سمندری طوفان دانا ایک شدید طوفان میں بدل گیا ہے، جس کے آج رات دیر گئے ریاست اوڈیشہ کے بھترکنیکا اور بھدرک ضلع کے دھامرا کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، طوفان کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔
اوڈیشہ کے ساحلی اضلاع جیسے جگت سنگھ پور، پوری، کیندراپاڑا، بھدرک، اور بالاسور میں بدھ کی شام سے موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان علاقوں میں طوفان کی شدت کے باعث ہوا کی رفتار مسلسل بڑھ رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے سبب پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہے، کئی دفاتر اور سکول بھی بند کر دیے گئے ہیں ، ہنگامی حالات کے پیش نظر فوج، بحریہ، کوسٹ گارڈ اور امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔