لاہور: (ویب ڈیسک) قذافی سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 70 فیصد کام مکمل ہو گیا، انکلوژرز کے سٹیپ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، مین بلڈنگ کے فلورز مکمل، پویلین و باکسز کا کام آخری مرحلے میں ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ اور نئے تعمیر کردہ سٹیپ کا معائنہ کیا، آخری سٹیپ پر کھڑے ہو کر سٹیڈیم کے ویو کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی نے مین بلڈنگ اور انکلوژرز میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہو جائے گا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دی اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔