لاہور: (دنیا نیوز) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے کراچی میں شروع ہوگا جس کی مجموعی انعامی رقم 80 لاکھ روپے ہے۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی ٹیم اپنے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز ایچ پی سی اوول گراؤنڈ کراچی میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے خلاف میچ سے کرے گی۔
9 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 37 فرسٹ کلاس میچز شامل ہیں، فائنل 8 سے 12 اپریل تک کھیلا جائے گا، سنگل لیگ راؤنڈ کے میچز 28 فروری کو ختم ہوں گے جن میں تمام ٹیمیں آٹھ، آٹھ میچز کھیلیں گی۔
ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ سب سے نیچے کی دو ٹیمیں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں پہنچ جائیں گی۔
ابتدائی راؤنڈ کے میچوں میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کا مقابلہ سٹیٹ بینک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ بینک سے ہو گا۔
خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کا مقابلہ این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) سے ہو گا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مقابلہ ایشال ایسوسی ایٹس سے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہو گا۔
غنی گلاس کی ٹیم ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں اپنا افتتاحی میچ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خلاف کھیلے گی۔